• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایڈیشنل ڈی جی سندھ ماحولیاتی ایجنسی کی تعیناتی کی صوبائی حکومت کی اپیل خارج

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

وفاقی آئینی عدالت نے سندھ ماحولیاتی ایجنسی کے ایڈیشنل ڈی جی کی تعیناتی سے متعلق سندھ حکومت کی اپیل خارج کرتے ہوئے تقرری پر دوبارہ غور اور تعلیمی قابلیت کی تصدیق کا حکم دے دیا۔

6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جسٹس روزی خان نے تحریر کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ آئین کے مطابق ہر شہری کو مکمل آزادی اور محفوظ ماحول میں زندگی گزارنے کا بنیادی حق حاصل ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ صاف اور شفاف ماحول بھی بنیادی انسانی حقوق میں شامل ہے، جبکہ 26 ویں آئینی ترمیم کے تحت ماحول کے تحفظ کو بطور بنیادی حق تسلیم کیا جا چکا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ سندھ ماحولیاتی ایجنسی کے ڈی جی اور ایڈیشنل ڈی جی کا کردار شہریوں کو آلودگی سے محفوظ رکھنے اور ماحولیاتی قوانین کے نفاذ کے لیے انتہائی اہم ہے۔

وفاقی آئینی عدالت نے ریمارکس دیے کہ کسی غیر تکنیکی شخص کی اس اہم عہدے پر تعیناتی عوامی صحت اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ ایڈیشنل ڈی جی ماحولیاتی ایجنسی کی تعلیمی قابلیت کی تصدیق ایچ ای سی سے بھی کرائی جائے۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے اس عہدے کے لیے ایک بیوروکریٹ کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جسے پہلے سندھ ہائی کورٹ نے کالعدم قرار دیتے ہوئے تقرری کا دوبارہ جائزہ لینے کا حکم دیا تھا۔

بعد ازاں سندھ حکومت نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کیا، تاہم عدالت نے اپیل مسترد کر دی۔

قومی خبریں سے مزید