پشاور (لیڈی رپورٹر)کالج آف ہوم اکنامکس، جامعہ پشاور کے شعبہ فوڈ اینڈ نیوٹریشن سائنسز کے زیر اہتمام طلبہ کے لیے غذائیت اور شدید غذائی قلت (SAM) سے نمٹنے کے طریقہ کار سے متعلق ایک معلوماتی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ کی عملی اور طبی مہارتوں کو بہتر بنانا تھا۔سیمینار بی ایس ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹیٹکس کے چھٹے سمسٹر کے طلبہ کے لیے’’کنٹینیوم آف کیئر‘‘سیریز کے تحت منعقد کیا گیا۔ تقریب پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شازیہ غلام محمد کی نگرانی میں ڈاکٹر فازیہ غفار کے زیر اہتمام ہوئی۔سیمینار سے خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور کی کنسلٹنٹ نیوٹریشنسٹ اور کالج آف ہوم اکنامکس کی سابق طالبہ اسماء وحید نے خطاب کرتے ہوئے شدید غذائی قلت کے شکار بچوں کی بحالی، بہتر غذائی عادات ، ماں کی رہنمائی اور کمیونٹی سطح پر احتیاطی اقدامات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔