ایران کے دارالحکومت تہران کی میونسپل حکومت نے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے اعداد و شمار جاری کر دیے، جن میں بڑے پیمانے پر تباہی کا انکشاف ہوا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق تہران میونسپل کارپوریشن کے ترجمان نے بتایا ہے کہ شہر میں کم از کم 650 مقامات پر حملوں کے اثرات ریکارڈ کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق حملوں میں کم از کم 1260 افراد جاں بحق جبکہ 2800 سے زائد زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ حملوں کے نتیجے میں تقریباً 51 ہزار رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا، جبکہ 10 ہزار 733 گاڑیاں اور 754 موٹر سائیکلیں بھی تباہ یا متاثر ہوئیں، متاثرہ گاڑیوں میں تقریباً 150 ٹیکسیاں بھی شامل ہیں۔
ایرانی حکام کے مطابق حملوں نے ناصرف انسانی جانوں کا بھاری نقصان کیا بلکہ دارالحکومت کے بنیادی ڈھانچے اور شہری زندگی کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔