جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 2028ء تک سود کا خاتمہ اب آئین بن چکا ہے۔
کراچی میں مولانا فضل الرحمان نے کاروباری شخصیت عارف حبیب سے ملاقات کی اور پاکستان کے معاشی حالات پر تفصیلی گفتگو کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بدامنی کی وجہ سے تاجر برادری خوف کا شکار ہے، امن ہوگا تو سرمایہ کاری آئے گی جس سے معیشت مضبوط ہوگی۔
جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے بجائے مقامی وسائل پر انحصار کیا جائے، ملک کے تاجروں پر اعتماد کیا جائے، اس سے ہم ملک کا قرض اتار سکتے ہیں۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسلام نے معیشت کا مکمل نظام دیا ہے، اس کو فالو کیا جائے، سودی نظام کے خاتمے سے ملکی معیشت میں واضح برتری آئے گی۔
مولانافضل الرحمان نے کہا کہ 2028 ءتک سود کا خاتمہ اب آئین بن چکا ہے، اگر عمل نہ ہوا تو آئینی شکنی کی کارروائی ہوگی۔