سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان (ایس ای سی پی) نے ملک کا پہلا ڈیجیٹل تکافل لائسنس جاری کردیا۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر سدھو نے نان بینکنگ فنانشل سیکٹر میں ڈیجیٹلائزیشن پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو فنانشل سروسز کی آسان اور فوری دستیابی ترجیح ہے۔
ڈاکٹر کبیر سدھو کا کہنا تھا کہ ملک کا پہلا ڈیجیٹل جنرل تکافل لائسنس جاری کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق ویلتھ برج مینجمنٹ کو پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل انویسٹمنٹ ایڈوائزری لائسنس جاری کیا گیا ہے۔ پنجاب لائف انشورنس لمیٹڈ کو پہلی صوبائی سرکاری لائف انشورنس کمپنی کا لائسنس جاری کیا گیا ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق گزشتہ 3 مہینوں میں لائسنسنگ ڈیپارٹمنٹ نے 510 درخواستیں نمٹائیں، اس دوران 84 نئے لائسنس جاری کیے گئے۔ زیر التواء درخواستیں 1143 سے کم ہو کر 633 ہو گئیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ غیرملکی درخواست گزاروں کےلیے پیشگی سیکیورٹی کلیئرنس کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر سدھو کا کہنا تھا کہ کمپنیوں کےلیے دستاویزی تقاضے آسان بنارہے ہیں۔