• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عقیدہ ختم نبوت دین کی اساس اور بنیاد ہے، مولانا حافظ ناصر الدین

برمنگھم (جنگ نیوز) مولانا حافظ ناصرالدین خاکوانی نائب امیر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت نے اپنے پیغام میں کہا کہ عقیدئہ ختم نبوت دین کی اساس اور بنیاد ہے، یہ عقیدہ باقی ہے تو دین کی پوری عمارت برقرار ہے، اس عقیدہ ختم نبوت نے پوری امت مسلمہ کو متحد کردیا ہے اور انہیں وحدت کی لڑی میں پرو دیا ہے، اس عقیدہ نے ہمیں ایک ایسے مضبوط رشتہ میں منسلک کردیا ہے جسے زمینی حدود و قیود، زبان و رنگ اور نسل و تہذیب کی تفریق ختم نہیں کرسکتی۔ جبکہ مولانا عبدالغفور حیدری ڈپٹی چیئرمین سینیٹ پاکستان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغربی دنیا اسلامی تعلیمات کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے سے گریز کرے، یورپ میں اسلام کے حوالہ سے سنگین غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں جن کا تدارک ضروری ہے۔ اسلامی تعلیمات نے ہر موقع پر دہشت گردی کا راستہ روک کر امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔وہ مجلس تحفظ ختم نبوت برمنگھم کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس کی دوسری نشست کی صدارت صاحبزادہ مولانا عزیز احمد نے کی۔ مولانا حافظ ناصر الدین خاکوانی نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ عقیدئہ ختم نبوت کی حفاظت کسی خاص جماعت یا کسی خاص طبقہ کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس کی حفاظت کرنا تمام مسلمانوں کا مذہبی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم منکرین ختم نبوت کے بھی خیرخواہ ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ سیدھے راستے پر آجائیں، ہم انہیں فکر مندی اور دردمندی سے دعوت دیتے ہیں کہ وہ جھوٹی نبوت سے علیحدہ ہوکر حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے دامن رحمت سے وابستہ ہوجائیں اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو صحیح معنوں میں آخری نبی مان کر کل روز محشر آپ کی شفاعت کے حق دار بنیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ختم نبوت کی دلیل ہے۔ مولانا عبدالرشید ربانی خطیب جامع مسجد باٹلے نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے وابستہ ہوجانے کے بعد اب کسی اور طرف دیکھنے کی ضرورت نہیں۔ سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے، وہ ہمیشہ امن و سلامتی کا درس دیتا ہے اور جھگڑے فساد سے روکتا ہے۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت نے بھی ہمیشہ جھگڑے فساد سے اجتناب کیا ہے اور ہمیشہ دلیل سے اپنی بات سمجھائی ہے اور مخالف کے دجل و فریب کو آشکارا کیا ہے یہ ہمارا دینی فریضہ ہے اور ہم اپنا یہ فریضہ ہمیشہ انجام دیتے رہیں گے۔حاجی عبدالحمید خطیب ختم نبوت سینٹر بیلجیئم نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت و عقیدت عین ایمان ہے اگر کسی کے دل میں آپ کی محبت نہیں تو اس کے ایمان پر اعتبار نہیں کیا جاسکتا۔مولانا اسماعیل رشیدی نے کہا کہ منکرین ختم نبوت، الحمدللہ! علماء کی محنت اور صحیح راہنمائی کی وجہ سے انہیں اپنے مذموم مقاصد میں کامیابی نہیں ہوتی، علماء کرام ہر میدان میں دین کی صحیح تصویر اور اس کی اصل تعلیمات سے عوام الناس کو آگاہ کرتے ہیں اسلئے یورپ کے مسلمانوں کو خصوصیت سے چاہئے کہ وہ علماء سے جڑے رہیں ان سے ہمیشہ رابطہ رکھیں۔ مفتی سعید الرحمن بریڈ فورڈ نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ شیطان انسان کا بھیڑیا ہے اور بھیڑئے کی عادت ہے کہ ہمیشہ وہ اس بکری پر حملہ کرتا ہے جو ریوڑ سے علیحدہ ہوجائے اور چروا ہے کی نگاہوں سے اوجھل ہوجائے۔ اس لئے جو لوگ علماء سے رابطہ نہیں رکھتے مسلمانوں کی اجتماعیت سے علیحدہ ہوتے ہیںوہ شیطان کا جلد شکار ہوجاتے ہیں۔ حافظ محمد اقبال امام و خطیب ختم نبوت سینٹر 35اسٹاک ویل گرین لندن نے کہا کہ محبت رسول کا تقاضا ہے کہ ہم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت و صورت کو اپنائیں، آپ کے طریقہ پر چلیں، آپ کے دوستوں سے محبت کریں اور آپ کے دشمنو ں کو اپنا دشمن سمجھیں۔کانفرنس سے مفتی سیف الرحمن نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں صاحبزادہ سعید احمد، مولانا محمد بلال، مفتی سہیل احمد، مولانا ممتاز الحق، مولانا سہیل یعقوب باوا، مولانا علی بھائی، مفتی طارق علی شاہ، مولانا ابراہیم، بابائے برمنگھم مولانا خورشید احمد، مولانا امداد اللہ قاسمی، مولانا محمد سلیم،مولانا اکرام اللہ، قاری ممتاز، مولانا اسلم زاہد، پیر حافظ انور، مفتی عبدالقادر، مولانا عبدالباری، حافظ اسامہ رحمانی، معاویہ انور، سفیان انور،نعمان مصطفی و دیگر علماء کرام اور ہزاروں عاشقانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم شریک ہوئے۔ یہ عظیم الشان کانفرنس مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر کی دعا پر اختتام پذیر ہوئی۔
تازہ ترین