روسی خطے سائبیریا میں دنیا کی سب سے گہری جھیل بائیکال میں ایک ہوروکرافٹ الٹ کر ڈوبنے سے پانچ سیاح ہلاک ہوگئے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روسی ساختہ سیور-750 ہوورکرافٹ میں 18 مسافر سوار تھے جب یہ جمی ہوئی جھیل کے پانیوں میں حادثے کا شکار ہوئی۔
یہ کشتی اپنی گنجائش سے زیادہ مسافروں کو لے کر جا رہی تھی، جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔
حادثے میں چار خواتین اور ایک مرد ہلاک ہوئے جبکہ 13 افراد کو بچا لیا گیا۔ کچھ مسافروں کو ہائپوتھرمیا کا سامنا کرنا پڑا اور ایک شخص کو زخمی ٹانگ کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق 30 ایمرجنسی ورکرز، 11 ریسکیو یونٹس اور ایک ڈائیونگ ٹیم جائے حادثہ پر روانہ کی گئی۔ حکام نے بتایا کہ ہورکرافٹ اچھی حالت میں تھا لیکن زیادہ مسافروں کے باعث حادثہ پیش آیا۔
جھیل بائیکال کی اہمیت
یونیسکو ورلڈ ہیریٹیج سائٹ جھیل بائیکال دنیا کی سب سے گہری جھیل ہے، جس کی گہرائی 5 ہزار 387 فٹ ہے۔ یہ دنیا کی سب سے بڑی میٹھے پانی کی جھیل ہے جو زمین کے غیر منجمد میٹھے پانی کا تقریباً 20 فیصد ذخیرہ رکھتی ہے۔
یہ جھیل جنوری سے اپریل تک جم جاتی ہے اور اس کا شفاف اور موٹا برفانی فرش دنیا بھر سے سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔ فروری اور مارچ میں برف اتنی مضبوط ہو جاتی ہے کہ اس پر بھاری گاڑیاں بھی چلائی جا سکتی ہیں۔