کراچی میں ایبولا وائرس کے عالمی خطرات کے پیشِ نظر شہریوں اور مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی بنیادوں پر نگرانی اور حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
اجلاس میں متعلقہ اداروں نے شرکت کی اور ایئرپورٹ پر فوری ردِعمل اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ آئسولیشن وارڈ کو مزید مؤثر بنانے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکمتِ عملی طے کی گئی۔
مزید اقدامات کے تحت 24 گھنٹے ایمبولینس سروس کی دستیابی یقینی بنانے، ہنگامی سامان کے لیے علیحدہ اسٹور روم قائم کرنے اور فرنٹ لائن عملے کو مکمل حفاظتی سہولتیں فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
حکام نے بریفنگ میں کہا کہ ایئرپورٹس مہلک متعدی بیماریوں کی منتقلی کے حساس مقامات ہیں، اس لیے فوری ردِعمل اور مؤثر تیاری ناگزیر ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔