• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2024ء کے مباحثے کے دوران محسوس ہوا جیسے جو بائیڈن کو فالج ہو رہا ہے: جِل بائیڈن کا انکشاف

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

سابق امریکی خاتونِ اول جِل بائیڈن نے پہلی بار 2024ء کے صدارتی مباحثے میں جو بائیڈن کی خراب کارکردگی پر کُھل کر بات کی ہے۔

امریکی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران جِل بائیڈن نے کہا کہ مجھے اس وقت خوف محسوس ہوا کہ شاید میرے شوہر کو فالج ہو رہا ہے، میں نے جو بائیڈن کو اس حالت میں پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا، مباحثے کے دوران میں یہ دیکھ کر شدید پریشان ہو گئی تھی اور مجھے لگا کہ کوئی طبی ایمرجنسی پیش آ گئی ہے۔

واضح رہے کہ 27 جون 2024ء کو ہونے والے صدارتی مباحثے میں جو بائیڈن اپنے حریف ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے کمزور دکھائی دیے تھے، اس کارکردگی کے بعد ان کی ذہنی اور جسمانی صحت پر سوالات اٹھے اور ڈیموکریٹک پارٹی کے اندر بھی دباؤ بڑھ گیا تھا۔

بعد ازاں جو بائیڈن نے 21 جولائی 2024ء کو صدارتی دوڑ سے دستبرداری اختیار کر لی تھی جس کے بعد نائب صدر کملا ہیرس کو امیدوار بنایا گیا تاہم وہ ڈونلڈ ٹرمپ سے الیکشن ہار گئیں۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے اتحادی آج بھی جو بائیڈن کی ذہنی صحت اور صدارتی اختیارات کے استعمال پر سوال اٹھا رہے ہیں۔

اسی معاملے پر جو بائیڈن نے محکمۂ انصاف کے خلاف مقدمہ بھی دائر کیا ہے تاکہ ان کی نجی آڈیو ریکارڈنگز منظرِ عام پر نہ لائی جا سکیں۔

جو بائیڈن نے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ اپنے دورِ صدارت میں تمام فیصلے میں نے خود کیے تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید