• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: بلڈ پریشر و گردے کی بیماری کی مخصوص دوا کے حوالے سے الرٹ جاری

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

محکمہ صحت برطانیہ کے ذمے داران نے بلڈ پریشر اور گردے کی بیماری کے لیے فروخت ہونے والی ایک معروف دوا (رامیپرل) کے حوالے سے ایک الرٹ جاری کرتے ہوئے دوا کے پیک فوری طور پر واپس منگوانے کی ہدایت کر دی۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں ہر ماہ تقریبا 30 لاکھ کے قریب نسخے جاری کیے جاتے ہیں، یہ دوا ہائی بلڈ پریشر اور گردے کی بیماری کے ساتھ دل کی خرابیٔ صحت کے لیے بھی بطور علاج استعمال ہوتی ہے۔

دل کے دورے کے بعد بعض مریضوں کو بھی یہی دوا تجویز کی جاتی ہے، یہ خون کی نالیوں کو صاف کر کے جسم میں خون کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے معاون ثابت ہوتی ہے لیکن میڈیسن اینڈ ہیلتھ کیئر پروڈکٹس ریگولیٹری ایجنسی کا کہنا ہے کہ مذکورہ دوا کی ایک بڑی کھیپ جو کریسنٹ فارما لمیٹڈ نے تیار کی ہے، اس میں زیادہ خوراک کی اسٹرپس ہوسکتی ہیں۔

خطرناک ضمنی اثرات سے مریضوں کو بچانے کے لیے ریگولیٹر نے متاثرہ بیچ کو فوری طور پر واپس منگوا لیا ہے، جس کی نشاندہی پیکجنگ پر کوڈ GR155023 کے ذریعے کی گئی ہے۔

متاثرہ پیک والے مریضوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی دوا کے ساتھ فراہم کردہ کتابچہ، کسی بھی باقی کیپسول کے ساتھ، مشورے کے لیے اپنی فارمیسی یا جی پی پریکٹس میں لے جائیں، دوائی کی تجویز کردہ خوراک سے زیادہ مقدار لینے سے چکر آنا، سر ہلکا ہونا، بے ہوش محسوس ہونا، غیر معمولی تھکاوٹ یا گردے کے کام میں تبدیلی جیسی علامات پیدا ہو سکتی ہیں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید