اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )سری لنکا نے پاکستان سمیت درجنوں دیگر ممالک کے شہریوں کے لیے ویزہ فیس ختم کر دی ۔جن 40 ممالک کے شہریوں کو اب فیس ادا نہیں کرنا ہوگی، ان میں آسٹریلیا، آسٹریا، بحرین، بیلاروس، بیلجیئم، کینیڈا، چین، جمہوریہ چیک، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، انڈیا، انڈونیشیا، ایران، اسرائیل، اٹلی، جاپان، قازقستان، کویت، ملائیشیا، نیپال، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، ناروے، عمان، پاکستان، پولینڈ، قطر، روس، سعودی عرب، جنوبی کوریا، سپین، سویڈن، سوئٹزرلینڈ، تھائی لینڈ، ترکی، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکہ شامل ہیں۔ان ممالک کے وہ شہری جو سفارتی، سرکاری، سروس یا عام پاسپورٹ رکھتے ہیں، نئی سکیم کے تحت مفت ای ٹی اے حاصل کر سکتے ہیں ،اب 40 ممالک کے شہری سری لنکا کے لیے مفت الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن (ای ٹی اے) حاصل کرنے کے اہل ہوں گے، جس کے تحت وہ 30 دن تک سفر کر سکیں گے۔سری لنکا کے محکمہ امیگریشن نے وضاحت کی ہے کہ اگرچہ اب کوئی فیس ادا نہیں کرنا ہوگی، تاہم ان ممالک کے شہریوں کو ملک میں داخلے کے لیے اب بھی ای ٹی اے کے لیے درخواست دینا اور اسے حاصل کرنا ضروری ہوگا۔محکمے نے مزید کہا کہ 25 مئی سے قبل، جب یہ تبدیلیاں نافذ ہوئیں، درخواست دہندگان کی جانب سے ادا کی گئی کوئی بھی فیس واپس نہیں کی جائے گی۔