نیویارک سے کراچی پہنچنے والے امریکی شہری کے لاپتہ ہونے کے معاملے میں پیشرفت ہوئی ہے۔ امریکی شہری کو حیدرآباد سے پولیس نے ڈھونڈ کر اہلخانہ کے سپرد کردیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ امریکی شہری کے لاپتہ ہوجانے پر مقدمہ تھانا شاہ فیصل کالونی میں درج کیا گیا تھا، زید منیر نیویارک سے 24 مئی کو کراچی پہنچا تھا۔
زید منیر 25 مئی کی رات ایک بجے گھر سے نکلا اور لاپتہ ہوگیا تھا، صبح ساڑھے آٹھ بجے زید منیر کے امریکی واٹس نمبر پر میسج میں اسلام آباد جانے کا بتایا گیا تھا، واٹس ایپ میسج کے بعد سے زید کا موبائل فون مسلسل بند جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زید بہنوئی کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کزن کے پاس عید منانے آیا تھا، واقعے کی مختلف زاویوں سے مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔
دوسری جانب زید منیر نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ وہ اپنی مرضی سے حیدرآباد گیا تھا، بہن کو بتادیا تھا، چارجر نہ ہونے کے باعث موبائل فون بند ہوگیا تھا جس کے بعد رابطہ نہیں رہا، حیدرآباد میں ہوٹل میں موبائل فون چارج کرکے گھر والوں سے رابطہ کیا۔
امریکی شہری زید منیر نے کہا کہ حیدرآباد کے ایک مقامی ہوٹل میں مقیم تھا جہاں سے پولیس نے کراچی منتقل کیا، میں اپنی مرضی سے شادی کرنے حیدرآباد گیا تھا۔
خیال رہے کہ زید منیر کے اغوا کا مقدمہ شاہ فیصل کالونی تھانے میں درج کیا گیا تھا۔