سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فورسز نے ایران کی جانب سے کویت میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے والے دو بیلسٹک میزائل فضا میں ہی ناکام بنا دیے۔
امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ کے مطابق ایران کی جانب سے یہ حملہ رات 11 بجے کیا گیا، تاہم دونوں میزائل فوری طور پر ناکام بنا دیے گئے اور کسی امریکی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔
اس سے قبل امریکا نے ایران کے گورک اورجزیرہ قشم میں ڈرونز کےکمانڈ اینڈ کنٹرول تنصیبات پرحملے کا دعویٰ کیا تھا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق ایرانی فضائی دفاعی نظام، گراؤنڈ کنٹرول اسٹیشن اور ڈرونز کو تباہ کرد یا گیا، ہفتہ اتوار کو کارروائیاں ایران کے جارحانہ اقدامات کے جواب میں کی گئیں۔
ایران نے امریکی حملے کیلئے استعمال ہوئے فضائی اڈے کو نشانہ بنایا، نشانہ بنائے گئے فضائی اڈے کے مقام کی تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم اس سے پہلے کویتی فوج نے کہا تھا کہ فضائی دفاعی نظام نے دشمن کے میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنایا ہے۔
اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا تھا کہ ایران کو ان علاقائی اڈوں اور اثاثوں کے خلاف جوابی کارروائی کا حق حاصل ہے جنہیں ایران پر حملوں کے لیے استعمال کیا گیا ہو۔