پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے ملک بھر کے غیر فعال اور جزوی طور پر غیر فعال ایئرپورٹس کو دوبارہ فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ایئر وائس مارشل ذیشان سعید کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا، جس میں ایئرپورٹ سروسز، انجینئرنگ سروسز اور کمرشل ڈپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈیرہ اسماعیل خان، تربت، دالبندین اور سیدو شریف کے ایئرپورٹس کی بحالی کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اس کے علاوہ سکھر، نیو گوادر سمیت دیگر ایئرپورٹس کی بحالی پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزارت دفاع نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کو تمام ایئرپورٹس کی فوری بحالی کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس میں نئی نجی ایئرلائن کے حوالے سے بھی معاملات زیرِ غور آئے اور اس سلسلے میں آئندہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔