پشاور میں تحریک انصاف کے ناراض اراکینِ صوبائی اسمبلی نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کو خط لکھ دیا، جس میں پارٹی کے نظریے، منشور اور بانی پی ٹی آئی کے وژن سے وابستگی کا اظہار کیا گیا ہے۔
خط کے متن کے مطابق تمام ایم پی ایز کا کہنا ہے کہ وہ کسی گروہ، دھڑے یا کسی شخصیت کے ایجنڈے پر کام نہیں کر رہے اور خود کو کسی مخصوص گروپ سے منسوب نہیں کرتے۔
ناراض ارکان نے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے احتجاجی سرگرمیاں مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں، جس کے باعث کارکنان میں بے چینی اور اضطراب پایا جا رہا ہے۔
خط میں مطالبہ کیا گیا کہ تمام حکومتی امور شفافیت، میرٹ اور منتخب عوامی نمائندوں کی مشاورت کے مطابق انجام دیے جائیں۔
ذرائع کے مطابق خط کی کاپی مرکزی جنرل سیکرٹری، سیکرٹری اطلاعات اور صوبائی صدر کو بھی ارسال کی گئی ہے۔