امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ سے براہ راست رابطے کے بعد لبنان میں اسرائیلی کارروائیاں روکنے کا اعلان کردیا ۔
انہوں نے اسرائیل اور حزب اللّٰہ میں جنگ بندی کا دعویٰ کیا اور کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نے بیروت مزید فوجی دستے نہ بھیجنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ لبنان بھیجے گئے اسرائیلی فوجی دستوں کو راستے سے واپس بلا لیا ہے جبکہ حزب اللہ رہنماؤں نے بھی اسرائیل پر حملے نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہاکہ اسرائیل اور حزب اللّٰہ کے درمیان جنگ بندی ہمیشہ قائم رہے گی۔
دوسری طرف واشنگٹن میں لبنانی سفارت خانے نے حزب اللّٰہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کی تصدیق کی ہےاورکہا کہ پہلے مرحلے میں حزب اللہ اور اسرائیل ایک دوسرے پر حملے روک دیں گے، بعد میں سیز فائر کو پورے لبنان تک توسیع دی جائے گی۔
آج اور کل واشنگٹن میں فریقین حالیہ صورتحال اور آئندہ لائحہ عمل پر بات چیت کریں گے۔
ادھر ٹرمپ کے لبنان میں جنگ بندی کے اعلان کے بعد بھی اسرائیل نے جنوبی لبنان پر حملے کیے اور 2 لبنانی فوجی زخمی کیے ہیں جبکہ حزب اللہ نے بھی اسرائیل کے شمالی علاقے پر راکٹ فائر کیے۔