• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: منشیات اسمگلروں کی فلمی چال ناکام، نوٹ بکھیر کر بھی پولیس سے نہ بچ سکے

---فوٹوز بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹوز بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

بھارتی ریاست اتر پردیش میں منشیات اسمگلروں نے فرار ہونے کے لیے فلمی انداز اپنایا تاہم ان کی چال ناکام ہو گئی اور پولیس نے 1 ملزم کو گرفتار کر لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ناکے پر ایک کار کو رُکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزمان گاڑی بھگا لے گئے جس پر خصوصی آپریشن گروپ نے تعاقب شروع کر دیا، فرار کے دوران ملزمان نے کئی بار اپنی گاڑی پولیس کی گاڑی سے ٹکرائی جس سے پولیس کی گاڑی ناکارہ ہو گئی۔

بعد ازاں ایک مقامی شہری نے اپنی گاڑی پولیس کے حوالے کی تو اسمگلروں کا تعاقب دوبارہ شروع کر دیا گیا، اسی دوران ملزمان نے پولیس کی توجہ ہٹانے کے لیے سڑک پر 100 کے نوٹ پھینکنا شروع کر دیے تاہم پولیس نے پیچھا جاری رکھا اور  آخرکار گاڑی کو روک لیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق گھیراؤ کے بعد ملزمان نے فائرنگ کی جس کے جواب میں پولیس کی جوابی کارروائی میں 27 سالہ ملزم پرنس زخمی ہوا جسے گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب رہا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تلاشی کے دوران ملزم سے بھاری مقدار میں منشیات، اسلحہ اور نقدی برآمد کر لی گئی۔

گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ جھارکھنڈ سے پنجاب تک منشیات کی ترسیل میں ملوث رہا ہے، پولیس فرار ملزم کی تلاش میں کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید