• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہفتے میں 90 سے 120 منٹ تک ویٹ لفٹنگ سے قبل از وقت موت کے خطرے میں کمی آ سکتی ہے، تحقیق

ایک نئی تحقیق کے مطابق ہفتے میں 90 سے 120 منٹ تک وزن اٹھانے یا طاقت بڑھانے والی ورزشیں کرنے سے قبل از وقت موت کے خطرے میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔

اس حوالے سے ہارورڈ یونیورسٹی کے محققین نے امریکہ میں 147,373 افراد کا 30 سال تک مشاہدہ کیا اور معلوم کیا کہ جو لوگ ہفتے میں تقریباً دو گھنٹے طاقت بڑھانے والی ورزش کرتے تھے، ان میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 13 فیصد کم تھا۔

جب دل کی بیماری یا فالج سے موت کے خطرے کا جائزہ لیا گیا تو یہ کمی 19 فیصد تک پہنچ گئی۔ تحقیق میں یہ بھی پتہ چلا کہ جو لوگ وزن اٹھانے یا ریزسٹنس بینڈز جیسے فٹنس آلات استعمال کرتے تھے، ان میں اعصابی بیماریوں سے موت کا خطرہ 27 فیصد کم تھا، حتیٰ کہ دیگر جسمانی سرگرمیوں جیسے ایروبک ورزش کو بھی مدنظر رکھا گیا۔

تاہم محققین کے سامنے یہ بات بھی آئی کہ ہفتے میں دو گھنٹے سے زیادہ طاقت بڑھانے والی ورزش کرنے سے اضافی فوائد حاصل نہیں ہوتے۔ یہ تحقیقی رپورٹ برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع ہوئے، جن میں سفارش کی گئی ہے کہ لمبی اور صحت مند زندگی کے لیے ایروبک ورزش اور طاقت بڑھانے والی ورزشوں کا امتزاج اپنانا چاہیے۔

اسپورٹ انگلینڈ کے صحت اور فلاح و بہبود کی پالیسی کے اسٹریٹجک لیڈ ٹام برٹن نے بھی اس خیال کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ طاقت پر مبنی جسمانی سرگرمیاں، خاص طور پر صحت مند بڑھاپے کے لیے ایک انتہائی مؤثر ذریعہ ہیں۔ یہ خراب صحت کو روکنے یا مؤخر کرنے، جسمانی حرکت برقرار رکھنے، خودمختاری قائم رکھنے اور صحت و نگہداشت کی خدمات پر دباؤ کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ 

انکا مزید کہنا تھا کہ اسپورٹ انگلینڈ کی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ فعال طرزِ زندگی ہر سال 33 لاکھ دائمی بیماریوں کے کیسز کو روکنے میں مدد دیتا ہے، جبکہ صحت کی خدمات کے لیے سالانہ 8 ارب پاؤنڈ کی بچت بھی کرتا ہے، ہمارا مقصد جسمانی سرگرمی کو ہر فرد کے لیے قابلِ رسائی بنانا ہے کیونکہ یہی صحت مند، خوشحال اور خوشگوار معاشروں کی بنیاد ہے۔

این ایچ ایس کی ہدایات کے مطابق بالغ افراد کو ہفتے میں کم از کم دو دن ایسی طاقت بڑھانے والی سرگرمیاں کرنی چاہئیں جو جسم کے تمام بڑے عضلاتی کو متحرک کریں۔ اس کے علاوہ، انہیں ہفتے میں کم از کم 150 منٹ معتدل شدت کی ورزش یا 75 منٹ زیادہ شدت کی ورزش بھی کرنی چاہیے۔

صحت سے مزید