ایرانی خبر ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر اتفاق ہوگیا تو امریکا اور ایران کے درمیان ایم او یو 4 مرحلوں میں نافذ کیا جائے گا۔
ایرانی خبر ایجنسی فارس کے مطابق ایران کی امریکا کے ساتھ بات چیت جاری ہے، تاہم اب تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
خبر ایجنسی نے ایرانی مذاکراتی وفد کی میڈیا ٹیم کے رکن کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ایران ایسا کوئی معاہدہ نہیں کرے گا جس میں لبنان کو نظراندار کیا جائے۔
خبر ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ امریکا کے نئے مسودے پر ایران کا جواب ابھی نہیں بھیجا گیا۔ اسلام آباد مذاکرات کے پہلے مرحلے میں ناکامی کی وجہ ایران کا جوہری مذاکرات میں شمولیت سے انکار تھا۔
دوسری جانب اپنے ایک بیان میں اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے خلاف ایرانی قوم نے ثابت کیا کہ ایران کو دھمکیاں دینے کا دور ختم ہوچکا۔
باقر قالیباف کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن اور عبرتناک ردعمل دیں گے۔