ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ہماری عسکری پوزیشن پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئی ہے۔
ایران کے خبر رساں ادارے کے مطابق عباس عراقچی نے کہا ہے کہ تنازع کے دوران بھی ایران ہتھیاروں کی پیداوار برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔
ان کا کہنا ہے کہ جتنی دیر بھی ضرورت پڑے ہمارے پاس جنگ کو جاری رکھنے کی صلاحیت موجود ہے، تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم جنگ چاہتے ہیں۔
دوسری جانب امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مشیروں کو بتایا ہے کہ ایران کے خلاف دوبارہ جنگ نہیں کریں گے۔
امریکی اخبار کے مطابق ٹرمپ نے کہا ہے کہ جب تک ایران کی جانب سے امریکی فوجیوں کو نشانہ نہیں بنایا جاتا، جنگ نہیں ہو گی۔
امریکی اخبار کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ جنگ کو مزید پھیلانا نہیں چاہتی اور سفارتی حل کو ترجیح دے رہی ہے۔