لاہور(خبرنگار)وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد علی نے پنجاب یونیورسٹی کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن شعبہ گرافک ڈیزائن کے زیر اہتمام انڈرگریجویٹ تھیسیزنمائش 2026 ء کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینیٹزپروفیسر ڈاکٹر محبوب حسین، پرنسپل کالج پروفیسرڈاکٹر ثمینہ نسیم،چیئرمین شعبہ گرافک ڈیزائن پروفیسرڈاکٹر احمد بلال، فیکلٹی ممبران،صنعت سے وابستہ معروف ڈیزائنرز اورطلباؤطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ نمائش میں طلبا و طالبات نے کمرشل بنیادوں پر چلنے والے تخلیقی منصوبے پیش کئے۔انہوں نے کہا کہ کالج کے طلباؤ طالبات کے پراجیکٹس کو کمپنیاں خرید رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے طلباؤ طالبات کو پڑھائی کے دوران نوکریاں بھی مل جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی وبین الاقوامی سطح پر کالج کے گریجوئیٹس نے اپنا نام بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں طلباؤ طالبات نے ماحولیاتی آگاہی پیدا کرنے سے متعلق منصوبے پیش کئے۔