ترجمان سندھ حکومت ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر ہاتھ جوڑ کر سندھ کے عوام سے معافی مانگیں۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ مراد علی شاہ اور چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی کارکردگی سب کے سامنے ہے لیکن آپ تنقید کریں گے تو ہم اس کا جواب دیں گے۔
ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ کیپٹن(ر) صفدر جیسے لوگوں کو عوام سے دور رکھا جائے، صفدر صاحب آپ نے ہماری ثقافت پر حملہ کیا ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ایک دن کے لیے سندھ آئیں، سندھ کے لوگ اور وزیرِ اعلیٰ آپ کو ویلکم کریں گے۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے دلوں میں بستی ہے، اس کا ثبوت انتخابات میں ہماری کامیابی ہے، پی پی پی خاموشی سے عوام کی خدمت کرتی آئی ہے اور عوام کی خدمت ٹک ٹاک سے نہیں چلتی اور ہمارا قصور یہ ہے کہ آدھا بجٹ مارکیٹنگ پر نہیں لگاتے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں غیر اخلاقی اور جھوٹی باتیں کی جا رہی ہیں، جب بھی جھوٹ بات ہو گی تو سندھ حکومت جواب دے گی، بلاول بھٹو گلگت میں موجود ہیں وہاں کے عوام کو حقوق بھٹو نے دیے۔
رہنما پی پی نے کہا کہ ہم فخر سے اپنا پاسپورٹ دکھاتے ہیں جس کا کریڈٹ بلاول بھٹو، وزیرِ اعظم اور آرمی چیف کو جاتا ہے۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کو اس کا جائز حق ادا کرے، کراچی میں وفاق پیسے نہیں لگا رہا، کراچی کی ترقی کے لیے وفاق کو اس کا حصہ دینا پڑے گا۔
ارسلان اسلام شیخ نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین بلاول کے ہوتے ہوئے نہ کوئی صوبہ بنےگا نہ انتظامی یونٹ، سندھ کے لوگ کوئی قبضہ منظور نہیں کریں گے۔