وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملک میں تجارتی تنازعات کے فوری اور مؤثر حل کے لیے تجارتی عدالتوں کے قیام سے متعلق قانون سازی کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔
اس مقصد کے لیے تجارتی عدالتوں کے قانون کا مسودہ تیار کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے جبکہ اٹارنی جنرل، وزیرِ مملکت برائے خزانہ اور قانونی ماہرین بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔
کمیٹی تجارتی عدالتوں کے قیام سے متعلق مسودۂ قانون تیار کرے گی اور پاکستان میں تجارتی تنازعات کے فوری حل کے لیے تجاویز مرتب کرے گی۔
کمیٹی کمرشل ڈسپیوٹس کے موجودہ نظام کا جائزہ لے کر سفارشات پیش کرے گی جبکہ مجوزہ قانون کی بنیاد اور قانونی نکات پر مشتمل تفصیلی رپورٹ بھی تیار کی جائے گی۔
وزیرِ اعظم نے ثالثی قانون سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی ہے۔
کمیٹی سنگاپور کنونشن کے تحت پاکستان کی ذمے داریوں کو ملکی قانون کا حصہ بنانے کے حوالے سے سفارشات بھی مرتب کرے گی۔
وزارتِ قانون و انصاف کمیٹی کو سیکریٹریل معاونت فراہم کرے گی جبکہ کمیٹی اپنی سفارشات اور رپورٹ 45 روز میں وزیرِ اعظم کو پیش کرے گی۔