پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو ٹیلی فلم میں اداکاری پر سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنے والی ساتھی اداکارہ نادیہ خان کی حمایت میں سامنے آ گئیں۔
عتیقہ اوڈھو نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں نادیہ خان کی عید پر نشر ہونے والی ٹیلی فلم کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے کہا کہ نادیہ خان اسکرین پر بہت پیاری لگ رہی تھیں، یہ ایک طنزیہ قسم کی ٹیلی فلم تھی، میں نے سوشل میڈیا پر بہت سارے کمنٹس پڑھے، صارفین کا کہنا ہے کہ نادیہ خان اوور ایکٹنگ کر رہی ہیں مگر بات یہ ہے کہ مزاحیہ ٹیلی فلم اسی طرح کی ہوتی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ طنز و مزاح کی اپنی ایک نبض ہوتی ہے اور کامیڈی ڈرامہ ایک سنجیدہ ڈرامے سے بالکل مختلف ہوتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے تو سمجھ نہیں آئی کہ لوگ اس پر تنقید کیوں کر رہے ہیں؟
عتیقہ اوڈھو نے مزید کہا کہ ٹیلی فلم میں ہر ایک نے اچھا کام کیا جیسا کہ ان کو کرنا چاہیے تھا، میں نے نادیہ خان کے پُرجوش انداز سے بھرپور لطف اٹھایا، کہانی بھی ٹھیک اور مختلف تھی۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیلی فلم میں جو بات مجھے پسند نہیں آئی وہ یہ تھی کہ اس میں عید کے بارے میں کوئی بات نہیں تھا، ڈائریکٹرز کو عید سے متعلق کوئی چیز ضرور شامل کرنی چاہیے تھی کیونکہ یہ ایک عید اسپیشل ٹیلی فلم تھی۔