• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی سپریم کورٹ کا فلسطینی قیدیوں سے ریڈ کراس کی ملاقاتیں بحال کرنے کا حکم

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

اسرائیلی سپریم کورٹ نے حکومت کی جانب سے فلسطینی قیدیوں سے بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کی ملاقاتوں پر عائد پابندی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی سپریم کورٹ نے اپنے متفقہ فیصلے میں کہا ہے کہ فلسطینی قیدیوں تک ریڈ کراس کی رسائی روکنا اسرائیلی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

عدالت کے مطابق حکومت اس پابندی کے لیے کوئی قانونی جواز پیش نہیں کر سکی۔

واضح رہے کہ یہ پابندی اکتوبر 2023ء میں حماس کے حملے کے بعد نافذ کی گئی تھی جس کے بعد فلسطینی قیدیوں سے تمام ملاقاتیں روک دی گئی تھیں۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق گزشتہ 50 برس میں یہ پہلا موقع تھا جب ریڈ کراس کو قیدیوں سے ملاقاتوں سے روکا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق درخواست گزار تنظیموں نے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب 9000 سے زائد فلسطینی قیدی دوبارہ ریڈ کراس کی ملاقاتوں سے مستفید ہو سکیں گے۔

بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی نے بھی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ جَلد از جَلد جیلوں میں اپنے دورے دوبارہ شروع کرنے کے لیے اسرائیلی حکام سے رابطے میں ہیں۔

یاد رہے کہ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فلسطینی قیدیوں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بین الاقوامی سطح پر تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید