سندھ میں ریبیز (کتے کے کاٹنے سے پھیلنے والی بیماری) کا ایک اور مشتبہ کیس رپورٹ ہوگیا، جبکہ رواں سال صوبے میں کتے کے کاٹنے کے واقعات اور ریبیز سے اموات میں تشویشناک اضافہ سامنے آیا ہے۔
جناح اسپتال کراچی کے حکام کے مطابق حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی 35 سالہ خاتون کو کتے کے کاٹنے کے بعد تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ معائنے کے دوران مریضہ میں ریبیز کی علامات پائی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ مریضہ میں ہائیڈروفوبیا سمیت ریبیز کی دیگر نمایاں علامات کی تصدیق ہوئی۔ بعد ازاں کیے گئے ٹیسٹ کے نتائج بھی مثبت آئے، جس سے بیماری کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد مریضہ کے اہل خانہ اسے اپنے ساتھ لے گئے۔
دوسری جانب محکمہ صحت سندھ کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال صوبے بھر میں کتے کے کاٹنے کے 40 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق صرف کراچی میں رواں سال اب تک ریبیز کے باعث 10 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔