کراچی (نیوز ڈیسک)ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنی ہی جماعت کے اندر بڑھتی ہوئی مخالفت کا سامنا، ریپبلکن قانون ساز امریکی صدر کے ساتھ نظریاتی اختلافات ظاہر کرنے لگے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنی ہی جماعت کے اندر بڑھتی ہوئی مخالفت کا سامنا ہے، کیونکہ کانگریس میں ریپبلکن قانون ساز،جو طویل عرصے سے ان کی مخالفت کرنے سے کتراتے رہے ہیں،اب امریکی صدر کے ساتھ نظریاتی اختلافات ظاہر کرنے اور پارٹی لائن سے ہٹ کر چلنے کے لیے زیادہ آمادگی دکھا رہے ہیں۔ صرف گزشتہ ایک ہفتے کے دوران، سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان (ہاؤس آف ریپریزنٹیٹوز) میں ریپبلکنز کے متعدد دھڑوں نے آگے بڑھ کر ایران کے خلاف ان کی (ٹرمپ کی) جنگ کی سخت مذمت کی ہے، ان کے وائٹ ہاؤس کے بال روم سے منسلک 1 ارب ڈالر کے فنڈز کو مسترد کر دیا ہے، ان کے 1.8 ارب ڈالر کے ’’اینٹی ویپنائزیشن‘‘ فنڈ پر پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا ہے اور اندرونِ ملک جاسوسی سے متعلق ان کی قانون سازی کا راستہ روک دیا ہے۔