بالی ووڈ اداکار سیف علی خان نے اپنے کیریئر کے اتار چڑھاؤ اور جدوجہد کے دنوں کے بارے میں کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب فلمی دنیا میں میرا کیریئر تنزلی کا شکار ہو گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں 55 سالہ اداکار نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ مجھے ہمیشہ بہترین فلمیں ملتی رہیں یا میں بغیر محنت کے کامیاب ہوتا گیا۔
سیف علی خان نے کہا کہ ایسا نہیں تھا کہ مجھے مسلسل بہترین فلمیں مل رہی تھیں، حقیقت یہ ہے کہ ایک طویل عرصے تک وہ فلمیں کوئی اور کرنا ہی نہیں چاہتا تھا جو میں کر رہا تھا اور شاید اسی وجہ سے میں انڈسٹری میں برقرار رہ سکا۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ میرے کیریئر میں ایک وقت ایسا بھی آیا جب میری مقبولیت میں واضح کمی آئی، تاہم قسمت نے بھی میرا ساتھ دیا۔
سیف علی خان کے مطابق مجھے اپنے ابتدائی دور میں معروف فلم ساز یش چوپڑا کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، جو میرے لیے ایک بڑا اعزاز تھا، تاہم وہ فلم باکس آفس پر کامیاب نہ ہو سکی، جس کے بعد میرے کیریئر میں جمود آ گیا۔
انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں یہ دل لگی نے میرے کیریئر کو نئی زندگی دی، اس فلم میں میرے ساتھ اکشے کمار بھی مرکزی کردار میں تھے اور ناظرین نے اداکاری کو پسند کیا۔
سیف علی خان کا کہنا ہے کہ مجھے زندگی کے مختلف مراحل میں کچھ مواقع ملتے رہے، لیکن ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے میں نے سخت محنت کی اور اپنا 100 فیصد دیا۔
اداکار نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں فلمی صنعت کا ماحول نسبتاً مختلف تھا اور لوگ فنکاروں کی ناکامیوں کو زیادہ آسانی سے قبول کر لیتے تھے۔