بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک مرکز سے حاملہ خاتون کو فراہم کیے گئے غذائی پیکٹ میں مبینہ طور پر مردہ سانپ کا بچہ ملنے پر شدید تشویش اور غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔
رپورٹس کے مطابق کرگھاٹ کامتھی گاؤں کی رہائشی حاملہ خاتون کو اضافی غذائیت کے لیے ایک پیکٹ دیا گیا تھا، خوش قسمتی سے خاتون نے یہ خوراک استعمال نہیں کی تھی، جب اہلِ خانہ نے گھر میں پیکٹ کھولا تو وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ اس کے اندر ایک مردہ سانپ کا بچہ موجود تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی گاؤں میں خوف اور غصے کی فضا پیدا ہوگئی، جبکہ مقامی افراد نے حاملہ خواتین اور بچوں کو فراہم کی جانے والی غذائی اشیاء کے معیار اور حفاظت پر سنگین سوالات اٹھا دیے۔
خاندان نے فوری عملے اور مقامی انتظامیہ کو آگاہ کیا، جس کے بعد محکمہ خواتین و اطفال کی ترقی کی افسران، پولیس اور دیگر انتظامی حکام موقع پر پہنچ گئے۔
حکام نے غذائی پیکٹ اپنی تحویل میں لے کر معائنہ رپورٹ تیار کی اور خوراک کا نمونہ بھی محفوظ کر لیا تاکہ اس کا لیبارٹری تجزیہ کیا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق قائم مقام کلکٹر نے واقعے کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ غذائی نمونہ فوڈ آفیسر نے قبضے میں لے کر ریاستی فوڈ ٹیسٹنگ سینٹر، بھوپال روانہ کر دیا ہے۔