پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کے شوہر اقبال حسین نے شادی کے بارے میں معاشرے کے دہرے معیار سے متعلق بات کی۔
اقبال حسین نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے معاشرے میں کم عمر مرد سے شادی کرنے والی عورت پر ہونے والی تنقید پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر کوئی 50 یا 60 سال کا مرد 18 سال کی لڑکی سے شادی کرے تو سارا معاشرہ اس کے لیے تالیاں بجاتا ہے لیکن اگر عورت اپنے سے تھوڑی چھوٹی عمر کے مرد سے شادی کرے تو سارا معاشرہ عورت کو برا بھلا کہنا شروع کر دیتا ہے۔
اقبال حسین نے بڑی عمر کی عورت سے شادی کے ذاتی تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میری اور بشریٰ انصاری کی عمر میں تھوڑا سا فرق ہے لیکن مجھے ذاتی طور پر اس بات سے کبھی کوئی فرق نہیں پڑا مگر معاشرے نے اس قدر تنقید کرنا شروع کر دی کہ سامنے جو عورت ہے وہ بشریٰ انصاری ہو کر بھی گھبرا گئی کہ میں کیا کروں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے کا المیہ یہ ہے کہ ہم سب نے قیامت والے دن کا معاملہ اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے، اس کام کے لیے کیا اللّٰہ کافی نہیں ہے؟
یاد رہے کہ ادکارہ بشریٰ انصاری گزشتہ کئی سالوں سے ہدایتکار اقبال حسین سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہیں۔
انہوں نے اپنی دوسری شادی کو کئی سال چھپائے رکھا تھا اور صرف قریبی افراد کو اس بارے میں آگاہ کیا تھا۔