پاکستانی شوبز انڈسٹری کی باصلاحیت اداکارہ حاجرہ یامین نے سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثرات اور اداکاروں کے انفلوئنسرز میں تبدیل ہونے کے رجحان پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
حال ہی میں حاجرہ یامین نے ایک پروگرام میں شرکت کے دوران اس موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اداکار اور انفلوئنسر دو الگ شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں اور دونوں کا کام ایک دوسرے سے مختلف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک اداکار کی اصل پہچان اس کی اداکاری اور کردار نگاری ہوتی ہے، جبکہ انفلوئنسرز سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے سامعین سے رابطہ رکھتے ہیں۔
حاجرہ یامین کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کی تجارتی اور مالی اہمیت میں اضافے کے باعث اب بہت سے اداکار بھی آہستہ آہستہ انفلوئنسرز کے کردار میں نظر آنے لگے ہیں۔
ان کے مطابق اس تبدیلی نے دونوں شعبوں کے درمیان موجود فرق کو کافی حد تک دھندلا دیا ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ جب فنکار سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک ہوتے ہیں تو ان کی نجی زندگی، خیالات اور آن لائن سرگرمیاں بھی عوامی توجہ کا مرکز بن جاتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج کل اداکاروں کو اپنی اداکاری کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر موجودگی پر بھی زیادہ تنقید اور جانچ پڑتال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
حاجرہ یامین نے کہا کہ ماضی میں فنکاروں کا کام زیادہ تر ان کے ڈراموں اور فلموں کی بنیاد پر جانچا جاتا تھا، لیکن اب سوشل میڈیا نے صورتِ حال بدل دی ہے، جہاں اداکاروں کی آن لائن سرگرمیاں بھی ان کی عوامی شبیہ پر اثر انداز ہوتی ہیں۔
واضح رہے کہ حاجرہ یامین کا شمار پاکستان کی باصلاحیت اداکاراؤں میں ہوتا ہے، انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز تھیٹر سے کیا تھا اور بعد ازاں متعدد کامیاب ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری کے ذریعے ناظرین اور ناقدین کی بھرپور پذیرائی حاصل کی۔