انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان سمیت 10 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمہ آخری مراحل میں داخل ہوگیا۔
پراسیکیوشن نے شہادت اور شواہد کی حد تک پراسیکیوشن کلوز کر دیا۔ وکیل صفائی نے استغاثہ کے دو گواہان پر دوبارہ جرح مکمل کرلی۔
گواہان میں تفتیشی افسر اور ڈپٹی ڈائریکٹر پیمرا شامل تھے۔ مقدمے میں مجموعی طور پر 18 گواہان کے بیانات ریکارڈ اور جرح مکمل کرلی گئی۔ مقدمے میں نامزد 9 ملزمان نے 342 کا سوالنامہ وصول کرلیا۔
علیمہ خان نے 342 کا بیان وصول کرنے کیلئے 16 جون تک عدالت سے مہلت مانگ لی۔
وکیل صفائی نے عدالت سے اپنے دفاع میں عدالتی گواہان پیش کرنے کی استدعا کر دی جبکہ عدالت نے گواہان پیش کرنے کیلئے درخواست اور فہرست جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔
اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ علیمہ خان اپنے وکیل فیصل ملک کے ہمراہ عدالت پیش ہوئیں۔
مقدمے کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔