اسرائیلی فوج نے لبنان سے 2 افراد کو اغوا کرکے اسرائیل منتقل کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں فوجیوں کے قریب آنے کی کوشش پر 2 افراد کو حراست میں لیا، دونوں افراد کو پوچھ گچھ کیلئے اسرائیل منتقل کردیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے جبری انخلا کے احکامات جاری کیے جانے کے بعد جنوبی لبنان کے شہر طائر پر متعدد فضائی حملے کیے گئے ہیں، ان حملوں کا سب سے زیادہ نشانہ فلسطینی پناہ گزین کیمپ البص اور شہر کا ایک گنجان آباد رہائشی علاقہ بنے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق علاقے میں ایک کم بلندی پر پرواز کرنے والا ڈرون بھی دیکھا گیا جو خاموشی سے شہر کے مسیحی علاقے اور ساحلی پٹی کے اوپر چکر لگاتا رہا، جہاں ہزاروں بے گھر افراد اب بھی شہر کے اندر موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شہر کے تمام مکین نقل مکانی نہیں کر سکے۔ فلسطینی پناہ گزین کیمپوں میں آبادی کی کثافت بہت زیادہ ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق صور میں تقریباً 28 ہزار فلسطینی پناہ گزین رہتے ہیں اور انخلا کی وارننگ جاری ہونے کے بعد اب تک صرف ایک تہائی افراد ہی وہاں سے نکل سکے ہیں۔