بھارتی شہر بنگلورو میں نوبیاہتا 18 سالہ نندنی داس پر اس کے سابق بوائے فرینڈ نے چاقو سے حملہ کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نندنی اور اس کا سابق بوائے فرینڈ دونوں ایک نجی اسکول میں ساتھ پڑھتے تھے اور گزشتہ 3 سال سے ایک رومانوی تعلق میں تھے، نندنی کی کسی دوسرے شخص سے شادی ہو جانے پر اس کا سابق بوائے فرینڈ ناراض تھا۔
ملزم کو جب معلوم ہوا کہ نندنی اپنے میکے آئی ہوئی ہے تو وہ گزشتہ روز صبح اس کے گھر پہنچ گیا، ملزم نے پہلے نندنی کے 2 کم عمر بھائیوں کو ایک کمرے میں بند کیا اور پھر ہال میں بیٹھی نندنی پر چاقو سے حملہ کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حملے میں نندنی کی گردن، ہاتھوں، پسلیوں اور رانوں پر متعدد زخم آئے، بعد ازاں ملزم نے خودکشی کی کوشش بھی کی مگر ناکام رہا۔
والدین کی غیر موجودگی میں پیش آنے والے اس واقعے کے باوجود زخمی نندنی گھر سے باہر نکلنے اور مدد کے لیے پکارنے میں کامیاب رہی۔
چیخ و پکار سن کر پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد دونوں کو الگ الگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم ایک کمپنی میں ڈرائیور کے طور پر کام کرتا ہے، ملزم کے خلاف اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔