برازیل اور امریکا کی ویمنز فٹبال ٹیموں کے درمیان فورٹالیزا میں کھیلا جانے والا دوستانہ میچ ایک غیرمعمولی اور ہنگامہ خیز مقابلے میں تبدیل ہوگیا، جس میں برازیل کی ٹیم اور کوچنگ اسٹاف کو مجموعی طور پر 8 ریڈ کارڈز دکھائے گئے۔
55 ہزار سے زائد تماشائیوں کے سامنے کھیلے گئے میچ میں امریکا نے برازیل کو ایک صفر سے شکست دی، تاہم میچ کی اصل توجہ کھیل سے زیادہ میدان میں ہونے والی گرما گرمی پر رہی۔
برازیل کے ہیڈ کوچ آرتھر الیس اور ان کے 3 معاون کوچز کو دوسرے ہاف کے دوران ریفری نے میدان سے باہر بھیج دیا۔
بعد ازاں برازیل کی فارورڈ بیا زینیراٹو کو دوسرا یلو کارڈ ملنے پر ریڈ کارڈ دکھایا گیا جبکہ ان کی ساتھی کھلاڑی ٹارسیانے کو امریکی کھلاڑی کو کہنی مارنے پر سیدھا ریڈ کارڈ دیا گیا۔
میچ ختم ہونے کے بعد بھی تنازع ختم نہ ہوا اور احتجاج کرنے پر برازیل کی کیرولین اور لڈمیلا کو بھی ریڈ کارڈز دکھا دیے گئے، جس کے بعد برازیل کے ریڈ کارڈز کی مجموعی تعداد 8 تک جا پہنچی۔
میچ کا واحد گول امریکا کی صوفیہ ولسن نے 63ویں منٹ میں اسکور کیا، حیران کن طور پر برازیل کی ٹیم پورے میچ کے دوران گول پر ایک بھی شاٹ نہ لگا سکی جبکہ امریکی ٹیم نے 6 مرتبہ ہدف کا رخ کیا۔
مقابلے میں برازیل کی لیجنڈری فٹبالر مارٹا نے بھی شرکت کی اور اپنے کیریئر کا 212 واں بین الاقوامی میچ کھیلا۔