وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ریلویز میں جامع اصلاحات کیلئے اسٹریٹجک روڈ میپ کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز میں اصلاحات پر اجلاس ہوا۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلویز میں سفر، مال برداری کیلئے نقل و حمل کا محفوظ، سستا ذریعہ بننے کی بھرپور استعداد موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فریٹ سروس ریلوے نظام کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، مال برداری کے شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ریلوے اصلاحات کے روڈ میپ پر عملدرآمد کے لیے عالمی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان ریلویز میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے فروغ دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے نظام کی بہتری سے سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا، جدید اور مؤثر ریلوے نظام کاربن اخراج میں کمی اور ماحول دوست نقل و حمل کے فروغ میں مددگار ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلویز کی ترقی علاقائی روابط کے فروغ اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ریلویز کی زمینوں پر نجی شعبے کی سرمایہ کاری سے حاصل آمدنی کو ریلوے نظام کی بہتری کے لیے استعمال میں لایا جائے۔
اجلاس کے دوران پاکستان ریلویز میں جامع اصلاحات کے اسٹریٹجک روڈ میپ اور اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ روڈ میپ میں مسافروں اور مال برداری دونوں شعبوں میں مارکیٹ شیئر بڑھانے کے اہداف شامل ہیں۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ریلوے خدمات کے معیار میں بہتری، نیٹ ورک کی استعداد میں اضافہ اور مالی استحکام روڈ میپ کے اہم ستون ہوں گے۔
اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ روڈ میپ میں ریلویز کے گورننس نظام میں بہتری، ڈیجیٹائزیشن، ریلوے لائنز کی توسیع شامل ہے۔ علاقائی روابط، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے نجی شعبے کی شمولیت اور مالی استحکام کے اہداف بھی روڈ میپ کا حصہ ہے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ جدید کوچز کا استعمال، ٹرینوں اور اسٹیشنز پر مسافروں کے لیے سہولیات کی فراہمی کا حصہ ہیں۔ ایم ایل 1، ایم ایل 2، ایم ایل 3 اور دیگر ٹریکس کی اپ گریڈیشن اور رائٹ سائزنگ بھی اصلاحات کا حصہ ہیں۔