اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بجٹ سیشن کا بائیکاٹ نہیں کیا جائے گا، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور ان کی رہائی کا مطالبہ ہر صورت برقرار رکھیں گے، جب تک ملاقات نہیں ہوگی احتجاج جاری رہے گا۔
آج اسمبلی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا عدالتی احکامات کے باوجود 34 ہفتے سے ملاقات نہیں کروائی گئی، اسپیکر قومی اسمبلی اس سے متعلق رولنگ جاری کریں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا اگر بانی اس ایوان کے رکن ہوتے تو پروڈکشن آرڈر جاری کردیتے، 3 بار حکومت اپوزیشن کو ایک میز پر بٹھایا مگر آپ لوگ نہیں آتے۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروانے پر تحریک انصاف نے احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا یہ عوام دوست بجٹ نہیں ہوگا، پہلے ہی مہنگائی زیادہ ہے، عوام کو ریلیف ملنا چاہیے، وزیراعظم کا بھی کام ہے پارلیمنٹ آئيں لوگوں کی باتیں سنیں اور جواب دیں، یہ اگر حقیقی جمہوری حکومت ہوتی تو پارلیمنٹ کو نظر انداز نہیں کرتی۔