• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا، ایران معاہدہ انشاء اللّٰہ ایک، دو روز میں ہوجائے گا، خواجہ آصف

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ انشاء اللّٰہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ ایک، دو روز میں ہوجائے گا۔

اسلام آباد میں امریکا، ایران ممکنہ معاہدے پر جیو نیوز سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ سن رہے ہیں کہ امریکا ایران معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے میں پاکستان کے کردار کو پوری دنیا مان رہی ہے، کہا جا رہا ہے اس معاہدے کو اسلام آباد پیکٹ کے طور پر پیش کیا جائے گا۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان اور خطے کی تاریخ میں اس طرح کی کوئی مثال نہیں ملتی، کسی ملک کی ایسی مثال نہیں ملتی جس نے اتنی بڑی تباہی اور جنگ رکوائی ہو۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مستقل مزاجی کے ساتھ مذاکرات کروائے، طویل مذاکرات ہوئے، جن میں مشکلات زیادہ تھیں۔

خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے دونوں فریقین کو ٹیبل پر بٹھایا تاکہ گفت و شنید منقطع نہ ہو، انشاء اللّٰہ معاہدہ ایک دو دن میں ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مختلف اوقات میں اسرائیل نے منفی اور تباہ کن رول ادا کیا، لبنان کے اندر اسرائیل نے بے گناہ بچوں اور شہریوں کو شہید کیا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ اسرائیل کی خواہش اور کوشش یہی تھی کہ تنازع جاری رہے، وہ چاہتا تھا امریکا کو اس خطے میں انگیج رکھے، میں سمجھتا ہوں امریکی انتظامیہ نے دانشمندی کا ثبوت دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح سے ورلڈ لیڈر کا رویہ ہونا چاہیے، امریکا نے اس کی مثال قائم کی، ایرانیوں نے اپنی 5، 6 ہزار سال اپنی پرانی تاریخ رقم کی ہے، ایران نے بہادری اور وطن کی محبت سے سرشار ہو کر اپنا دفاع کیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ دونوں ملکوں نے دانشمندی کا ثبوت دیا ہے، خلیجی ملکوں نے بہت زیادہ تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، صلح کروانے کی عزت بھی ایک مسلمان ملک پاکستان کے حصے میں آئی۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں امن اور اسرائیل کی شکست کے لئے یہ معاہدہ اہم کردار ادا کرے گا، قانون فطرت ہے امن نے قائم ہونا ہوتا ہے اور بات چیت سے ہونا ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جلد امن کی صورتحال نکلنے کا امکان ہے، مسائل کا حل بات چیت سے ہی نکلے گا، جنگیں یا کشت و خون مسائل کا حل نہیں ہوتے۔

قومی خبریں سے مزید