• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی سفینہ نے عاصم اظہر اور میرب علی کی علیحدگی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

پاکستانی اداکار، میزبان اور ماڈل علی سفینہ نے حال ہی میں عاصم اظہر اور میرب علی کی علیحدگی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر اپنا مؤقف بیان کر دیا۔

 علی سفینہ شوبز انڈسٹری کا ایک معروف نام ہیں جنہوں نے بطور میزبان اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور بعد ازاں اداکاری کے میدان میں بھی کامیاب مقام حاصل کیا، ان کے مشہور ڈراموں میں بارات سیریز، سنو چندا، چپکے چپکے، کیسی تیری خود غرضی، کچھ ان کہی اور عشق عبادت شامل ہیں۔

حال ہی میں علی سفینہ نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شریک ہوئے، جہاں میزبان نادیہ خان نے ان سے عاصم اظہر اور میرب علی کی علیحدگی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ہونے والی بحث سے متعلق سوال کیا۔

نادیہ خان نے سوال کیا کہ کیا میرب علی کے ساتھ پوڈکاسٹ میں ہونے والی گفتگو، جس میں ہانیہ عامر کا ذکر آیا تھا، اس علیحدگی کی وجہ بنی؟

سوال کے جواب میں علی سفینہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میں اور میرب علی اچھے دوست ہیں اور ماضی میں ایک ساتھ کام بھی کر چکے ہیں، میں نے اسی دوستانہ ماحول میں ایک سوال کیا تھا جس کا جواب میرب نے بھی ہلکے پھلکے انداز میں دیا تھا۔

علی سفینہ کے مطابق اصل تنازع اس وقت پیدا ہوا جب ایک سوشل میڈیا صارف نے اس کلپ پر ویڈیو بنا کر معاملے کو اچھالا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید بحث شروع ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں نے اس شخص کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور سوال اٹھایا کہ دوسروں کی ذاتی زندگی میں مداخلت کیوں کی جا رہی ہے۔

اداکار نے کہا کہ میرے خیال میں ایک معمولی اور تفریحی گفتگو کو غیر ضروری طور پر تنازع بنا دیا گیا، جبکہ اس کا مقصد کسی کی ذاتی زندگی یا تعلقات پر تبصرہ کرنا نہیں تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس علی سفینہ کی میرب علی کے ساتھ پوڈکاسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں عاصم اظہر اور ہانیہ عامر کے ماضی کے تعلق کا بالواسطہ ذکر سامنے آیا تھا، اس کلپ کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید