• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا ایران معاہدے پر پاکستان کی قیادت امن ایوارڈ کی مستحق ہے: ایاز صادق

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق—فائل فوٹو
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق—فائل فوٹو

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ امریکا ایران معاہدے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، پاکستان کی قیادت امن ایوارڈ کی مستحق ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ امن معاہدے میں پاکستان کے کردار پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، امن و عمل میں کوشش کرنے والے تمام رہنماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

ایاز صادق کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی کاوشیں رنگ لے آئیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک محنت کو بھی سلام پیش کرتا ہوں، نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی کو بھی سراہتا ہوں۔

انہوں نے کہا ہے کہ میں قومی سلامتی کے مشیر عاصم ملک کی کوششوں کو بھی سراہتا ہوں، اگر کوئی نوبل انعام کا حقدار ہے تو وہ آپ کی قیادت ہے۔

پاکستان نے تحمل، برد باری اور دانش مندی سے امن کو کامیاب بنایا: خواجہ آصف

اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایران امریکا معاہدے پر جمعے کو دستخط بھی ہو جائیں گے، اگر تاریخ میں اس قسم کا تعاون پنڈی اور اسلام آباد میں ہوتا تو کئی سنگ میل عبور کر لیے ہوتے۔

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے تحمل، برد باری اور دانش مندی سے امن کو کامیاب بنایا، وزیرِ اعظم اور فیلڈ مارشل نے امن عمل کو کامیاب بنانے میں دن رات کام کیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ امریکا سے معاہدے پر ایرانی بھائیوں کو مبارکباد دیتا ہوں، ایرانی قیادت نے دباؤ میں ایرانی قوم کو لیڈ کیا اور بہادری اور اتحاد سے کام لیا، اُمت مسلمہ اتحاد کا مظاہرہ کرے تو وہ دن دور نہیں جب غزہ کے مسلمانوں کو انصاف ملے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم نے امن کے لیے سفارتی محاذ پر جنگ لڑی ہے، 1 سال قبل ہم نے ایک اور جنگ لڑی، اللّٰہ نے اس میں بھی ہمیں فتح نصیب کی، ایک سال قبل ہونے والی جنگ میں ہماری فوج نے ہمارا سر فخر سے بلند کیا، 1 سال میں 2 کامیابیوں پر پوری قوم کو سربسجود ہونا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ ہم تاریخ کے ایک اہم دور سے گزر رہے ہیں، 78 سال میں اتنی کامیابی نہیں ملی جو آج ملی، 3 سال سے پاکستان کی کامیابی کی کوششوں کا سب سے بڑا پھل اللّٰہ تعالیٰ نے آج عطاء کیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید