• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی نژاد فلک راجہ دولتِ مشترکہ کیلئے برطانیہ کی نوجوان سفیر منتخب

فلق راجہ۔
فلق راجہ۔

برطانیہ کے شہر نیلسن سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ فلک راجہ کو دولتِ مشترکہ (کامن ویلتھ) کے لیے برطانیہ کی نوجوان سفیر منتخب کر لیا گیا ہے۔ 

وہ یوتھ کونسل یوکے کے نو تشکیل شدہ ایگزیکٹو بورڈ میں شامل چار نوجوان سفیروں میں سے ایک ہوں گی اور بین الاقوامی سطح پر نوجوانوں کے مسائل اور حقوق کی نمائندگی کریں گی۔

فلک راجہ ان 19 نوجوان رہنماؤں میں شامل ہیں جن کی عمریں 16 سے 25 سال کے درمیان ہیں اور جو یوتھ کونسل یوکے کے نئے ایگزیکٹو بورڈ کی قیادت کریں گے۔ 

یہ بورڈ برطانیہ، کراؤن ڈیپنڈنسیز اور اوورسیز ٹیریٹریز میں موجود 200 سے زائد نوجوان تنظیموں کے وسیع نیٹ ورک کی نمائندگی کرتا ہے، جو تقریباً 78 لاکھ نوجوانوں تک رسائی رکھتا ہے۔

اپنے انتخاب پر ردِعمل دیتے ہوئے فلک راجہ نے کہا کہ وہ اس اعزاز پر بے حد فخر اور عاجزی محسوس کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی کا مقصد ہمیشہ سماجی انصاف کے فروغ اور تعلیم کے ذریعے لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانا رہا ہے۔

انہوں نے کہا برطانیہ اور بیرونِ ملک موجود تمام نوجوانوں سے میرا وعدہ ہے کہ میں ان کی بھرپور نمائندگی کروں گی اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے انتھک محنت کروں گی کہ نوجوانوں کی آواز نہ صرف سنی جائیں بلکہ وہ اس مثبت تبدیلی کی محرک بھی بنیں جس کے ہم سب حقدار ہیں۔

یوتھ کونسل یوکے کے بانی اراکین کی جانب سے منتخب کیا جانے والا یہ ایگزیکٹو بورڈ دو سالہ مدت کے لیے خدمات انجام دے گا اور جلد ہی اپنے اراکین سے مشاورت کے بعد اپنی ابتدائی ترجیحات کا تعین کرے گا۔

تنظیم کی جانب سے نوجوان رہنماؤں کی معاونت کے لیے ماہرین پر مشتمل ایک غیر ووٹنگ سپورٹ بورڈ بھی قائم کیا جائے گا، جو رہنمائی اور مشاورتی خدمات فراہم کرے گا۔

فلک راجہ کا انتخاب نوجوان قیادت، سماجی انصاف اور تعلیم کے شعبوں میں ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ یہ کامیابی برطانیہ میں مقیم نوجوان پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے لیے بھی باعثِ فخر قرار دی جا رہی ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید