ضرورت مندوں کیلئے بطور سماجی ورکر کام کرنیوالی خاتون پر کوڑا پھینکنے کے الزام میں 150پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا گیا، تاہم خاتون کے چیلنج کرنے پر کونسل کو جرمانہ منسوخ کرنا پڑ گیا۔
لندن سے برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق 42 سالہ مونیکا سیرو آرنلڈ، ناٹنگھم میں سینسبری کے کار پارک میں اپنی ٹرالی میں کھانا لوڈ کر رہی تھی جب ایک کونسل آفیسر نے اس پر کوڑا کرکٹ پھینکنے کا الزام عائد کر کے اس پر جرمانہ عائد کروا دیا۔
خاتون نے اپنی والدہ کے ساتھ مقامی سپر مارکیٹوں سے انتہائی ضروری کھانے کے پارسل جمع کرنے میں دن گزارا تھا جسے وہ اپنے گھر سے ضرورت مندوں کو مفت فراہم کرتی ہے۔
اس خاتون نے اپنی ٹرالی کا پہیہ واپس ڈراپ آف پوائنٹ کی طرف موڑ دیا مگر عین اسی لمحے گیڈلنگ بورو کونسل کے انفورسمنٹ ایجنٹ نے موقع پر پہنچ کر دعویٰ کیا کہ ٹرالی میں کچرا پڑا ہے اور موقع پر ہی اسے 150 پاؤنڈ جرمانے کی ٹکٹ تھما دی۔
خاتون کا کہنا ہے اس کو کیا جانے والا جرمانہ غیر قانونی ہے خاتون نے معاملے پر متعلقہ کونسل حکام سے رابطہ کیاجس پر جرمانہ منسوخ کر دیا گیا اور اس سے تکنیکی خرابی پر معذرت بھی کی، خاتون نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی مضحکہ خیز جرمانے سے اجتناب کرنا چاہیے تھا۔