وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے آئی پی پیز معاملے پر ایک حکومت کو مورد الزام ٹھہرانے کو غلط قرار دیدیا۔
قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران خواجہ آصف نے اپوزیشن کو وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش پر مثبت جواب دینے کا مشورہ دیا۔
انہوں نے اپوزیشن سے کہا کہ وہ پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کو کھلے دل سے تسلیم کریں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ وزیراعظم جب ایوان میں آئے تو حزب اختلاف سے ملے، پی ٹی آئی دور حکومت میں کیا کبھی ایسا ہوا تھا، اس وقت کرسی موڑ کر بیٹھا جاتا تھا، وزیراعظم نئی روایات ڈال رہے ہیں، اسے اپنائیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل نے پاکستان کی جو عالمی سطح پر عزت کروائی ہے اس کو بھی کھلے دل سے تسلیم کریں۔
خواجہ آصف نے آئی پی پیز معاملے پر ایک حکومت کو مورد الزام ٹھہرانے کو غلط قرار دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی دور میں بھی آئی پی پیز لگیں، یہ بھی اس گناہ میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے آئی پی پیز سے مذاکرات میں ساڑھے 3 ہزار ارب روپے کا بوجھ کم کیا، اس کا تو اپوزیشن نے ذکر نہیں کیا۔