• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جسم کا ’غیر ضروری‘ سمجھا جانے والا عضو کینسر سے تحفظ فراہم کر سکتا ہے، تحقیق

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

سینے کی ہڈی (اسٹرنم) کے پیچھے واقع ایک چھوٹا سا چربی دار غدود، جسے تھائمس (Thymus) کہا جاتا ہے، طویل عرصے سے بالغ افراد میں ’غیر ضروری‘ عضو تصور کیا جاتا رہا ہے۔

نئی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ تھائمس غدود غیر اہم نہیں جیسا ماہرین ماضی میں سمجھتے تھے۔

اگرچہ اس حوالے سے سائنسدانوں کے درمیان مکمل اتفاقِ رائے موجود نہیں۔

2023ء میں امریکی محققین کی جانب سے شائع ہونے والی ایک تحقیق میں معلوم ہوا کہ جن افراد کا تھائمس غدود نکال دیا جاتا ہے، ان میں سرجری کے بعد 5 برس کے دوران کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق ایسے افراد میں اسی مدت کے دوران کینسر لاحق ہونے کے امکانات بھی زیادہ ہوتے ہیں۔

تحقیق کی اشاعت کے وقت ہارورڈ یونیورسٹی کے ماہرِ سرطان ڈاکٹر ڈیوڈ اسکیڈن نے کہا کہ ہم نے دریافت کیا کہ تھائمس صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے، اگر یہ موجود نہ ہو تو کسی شخص میں موت اور کینسر کا خطرہ کم از کم دگنا ہو جاتا ہے۔

محققین نے واضح کیا ہے کہ یہ ایک مشاہداتی (Observational) تحقیق ہے، اس لیے اس سے یہ ثابت نہیں کیا جا سکتا کہ تھائمس کو نکالنا براہِ راست کینسر یا دیگر مہلک بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔

محققین اس کے باوجود اپنے نتائج کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہیں، ان کے مطابق جب تک مزید معلومات دستیاب نہیں ہوتیں، ممکنہ حد تک تھائمس کو محفوظ رکھنا طبی ترجیح ہونی چاہیے۔

بچپن میں تھائمس غدود مدافعتی نظام کی نشو و نما میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، اگر کم عمری میں یہ غدود نکال دیا جائے تو مریضوں میں ٹی سیلز (T Cells) کی تعداد طویل مدت تک کم رہ سکتی ہے۔

ٹی سیلز سفید خون کے ایسے خلیات ہیں جو جراثیم اور بیماریوں کے خلاف جسم کا دفاع کرتے ہیں۔

تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جن بچوں کے جسم میں تھائمس موجود نہیں ہوتا، ان میں ویکسین کے خلاف مدافعتی ردِعمل بھی نسبتاً کمزور ہو سکتا ہے، تاہم بلوغت کے بعد تھائمس غدود سکڑنا شروع ہو جاتا ہے اور جسم کے لیے بہت کم تعداد میں ٹی سیلز پیدا کرتا ہے، اسی وجہ سے طویل عرصے تک یہ سمجھا جاتا رہا کہ اسے نکالنے سے فوری طور پر کوئی نقصان نہیں ہوتا۔

چونکہ تھائمس دل کے سامنے واقع ہوتا ہے، اس لیے دل اور سینے سے متعلق سرجریوں کے دوران اسے اکثر نکال دیا جاتا ہے۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

صحت سے مزید