مسلز (پٹھوں) کا درد اور تھکن مٹانے کے لیے استعمال ہونے والی مشہور ’مساج گن‘ کا غلط استعمال ایک 20 سالہ برطانوی نوجوان کے لیے انتہائی بھیانک اور تباہ کن ثابت ہوگیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اس شخص نے اپنی آنکھوں کی تھکن دور کرنے کے لیے مساج گن کو براہِ راست اپنے پپوٹوں اور آنکھوں کے ڈیلوں پر چلا دیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق نوجوان پچھلے تین ماہ سے ہر ہفتے باقاعدگی سے مساج گن کو اپنی آنکھوں پر استعمال کر رہا تھا، تاکہ اسے سکون مل سکے۔ چند دن پہلے جب اس کی دائیں آنکھ کے سامنے اچانک اندھیرا، چمکتی ہوئی روشنیاں اور دھندلے دھبے تیرتے ہوئے نظر آنے لگے، تو وہ گھبرا کر اسپتال پہنچا۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ معائنے پر معلوم ہوا کہ مساج گن کی شدید تھرتھراہٹ اور دباؤ نے آنکھ کے ڈیلوں کو اندر کی طرف پچکا دیا، جس کے نتیجے میں اس کی دونوں آنکھوں کے اندرونی پردے جگہ جگہ سے بری طرح پھٹ گئے۔
انہوں نے بتایا کہ طبی تاریخ میں مساج گن کی وجہ سے دونوں آنکھوں کے پردے بیک وقت پھٹنے کا یہ دنیا کا پہلا دستاویزی کیس ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے، فوری علاج اور سرجری کے 6 ماہ بعد اب نوجوان کی آنکھوں کی حالت مستحکم ہے اور اس کی بینائی مزید گرنے سے رک گئی ہے۔