سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں کچھ روسی فوجی اہلکار ہیلی کاپٹر پر نصب کرنے کے لیے بنائی گئی مشین گن کو چلاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
اس وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک روسی فوجی 4 بیرل والی طاقت ور وائی اے کے بی- 12.7 مشین گن چلانے کی تیاری کر رہا ہے۔
عام طور پر اس مشین گن کو سوویت دور کے ایم آئی-24 جنگی ہیلی کاپٹر کے اگلے حصے پر نصب کیا جاتا ہے مگر ویڈیو میں اسے ایک ٹرک پر نصب کیا گیا ہے۔
مشین گن کو ٹرک پر نصب کرنے کے بعد فوجی اہلکار نے جیسے ہی ٹریگر دبایا، مشین گن نے شدید جھٹکا لگنے کی وجہ سے غیر مستحکم فکسڈ ماؤنٹ کو اکھاڑ پھینکا پھر بے قابو ہو کر تیزی سے گھومنے لگی اور اس فوجی اہلکار کو بھی اٹھا کر ٹرک سے باہر پھینک دیا جو اسے آپریٹ کر رہا تھا۔
ویڈیو میں ٹیسٹ کے دوران آپریٹر کے علاوہ مشین گن کے پاس کھڑے دیگر فوجی اہلکار بھی خوفزدہ ہو کر اپنی جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگتے اور چھپتے ہوئے نظر آئے۔
اس خطرناک واقعے کے دوران تمام فوجی اپنی جان بچانے میں کامیاب رہے اور کسی بھی جانی نقصان کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
مشین گن کے ٹیسٹ کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔