وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی انڈونیشیا کے وزیرِ صحت سے جنیوا میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں صحت کے شعبے میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین پاکستان میں مقامی طور پر ویکسین کی پیشرفت اور جاری اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان میں مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری ناگزیر ہے، ویکسین کی مقامی سطح پر تیاری کیلئے انڈونیشیا ہمارا لیڈنگ پارٹنر ہے۔
انھوں نے کہا کہ انڈونیشیا کی جدید ٹیکنالوجی اور تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔
انڈونیشین وزیر صحت نے کہا کہ ان کا ملک ویکسین سازی میں تعاون اور استعداد کار بڑھانے سے متعلق ہر ممکن تعاون کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک جدید، معیاری اور مؤثر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے مل کر کام کریں گے۔