کراچی (افضل ندیم ڈوگر )امریکی ریاست اوہائیو میں ایک پائلٹ نے امریکہ کی آزادی کی 250ویں سالگرہ منانے کیلئے سیسنا طیارے سے 6 گھنٹے مسلسل اڑان کرکے فضا میں "USA 250" اور امریکہ کے نقشے کی ناقابل یقین اسکائی ڈرائنگ بنا ڈالی۔ پائلٹ ایرک جینیئر نے 3 جولائی کو نارواک ہورون کاؤنٹی ایئرپورٹ سے دوپہر 2بجے سنگل انجن سیسنا 182 اسکائی لین آر جی سے اڑان بھری اور شمالی اوہائیو کی فضا میں بڑے جزیرہ نما پر ایک انتہائی تفصیلی اور پیچیدہ ڈرائنگ تیار کرنے کیلئے 6 گھنٹے پرواز کرکے اسی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی۔ فلائٹ ریڈار 24کی ٹریکنگ میں پرواز کے امریکہ کے سرحدی خاکہ کے اندر "USA 250" کے الفاظ خوبصورتی سے دکھائی دے رہے ہیں۔ پائلٹ نے سال 1981 کے 45 سال پرانے سیسنا طیارے سے چیلنجنگ پرواز کرکے 1444 کلومیٹر سفر طے کیا۔ اس پرواز کو بڑی امریکی ایئر لائنز کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر غیرمعمولی پذیرائی مل رہی ہے۔