• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران معاہدہ سبوتاژ کرنے کیلئے اسرائیلی حکومت کے کچھ ارکان نے مہم چلائی: جے ڈی وینس

جے ڈی وینس— فائل فوٹو
جے ڈی وینس— فائل فوٹو 

امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی حکومت کے کچھ ارکان نے ایران معاہدے کو ناکام بنانے کے لیے اثر و رسوخ کی مہم چلائی۔

جے ڈی وینس نے حال ہی میں جو روگن کی پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے اسرائیلی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس بات کا مکمل یقین ہے کہ اسرائیلی حکومت کے اندر ایسے لوگ موجود تھے جو ایران کے خلاف فوجی کارروائی جاری رکھنا چاہتے تھے اور ایران کے ساتھ معاہد کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

اُنہوں نے کہا کہ اگرچہ ہمارے اسرائیلی حکومت کے بعض ارکان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، لیکن اسرائیلی نظام کے اندر کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جن کے بارے میں ہمیں مکمل یقین ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ کو غیر معینہ مدت تک جاری رکھنے کے لیے امریکی رائے عامہ پر اثر انداز ہونے اور اسے تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

نائب امریکی صدر نے کہا کہ بہت سے ممالک، خواہ وہ امریکا کے اتحادی ہوں یا مخالف، امریکی پالیسی پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔ 

اُنہوں نے کہا کہ مجھے اس بات سے پریشانی نہیں کہ اسرائیل ایسا کرنے کی کوشش کرتا ہے اور نہ ہی اس سے کہ روس یا دیگر ممالک بھی ایسا کرنے کی کوشش کرتے ہیں کیونکہ یہ تو سیاسی رہنما کی فطرت ہے، لیکن مجھے تشویش اس وقت ہوتی ہے جب ایسی کارروائیاں یا اثر و رسوخ واقعی امریکا کے سیاسی فیصلوں کو متاثر کرنے لگے۔

جے ڈی وینس سے جب یہ سوال پوچھا گیا کہ کیا آپ یہ سمجھتے ہیں کہ امریکا کی ایران کے ساتھ حالیہ جنگ اسرائیل کے اثر و رسوخ کے لیے نہیں تھی؟ انہوں نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ جی ہاں، بالکل۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرا ماننا ہے کہ امریکی صدر خود اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں اور میں بھی اس مؤقف سے اتفاق کرتا ہوں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید