کراچی(مطلوب حسین )وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) نے مبینہ طورپر جعلی امیگریشن ریکارڈ اور غیر قانونی مائیگریشن میں ملوث متعددافراد کو حراست میں لیکر ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ،تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے جعلی امیگریشن ریکارڈ اور غیر قانونی مائیگریشن کے خلاف مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد اہم کیسز بے نقاب کیے،تھائی لینڈ جانے والے مسافر محمد اعجاز کو جعلی امیگریشن اسٹیمپس استعمال کرنے پر آف لوڈ کر دیا گیا، جانچ کے دوران پاکستانی اور ملائیشین امیگریشن کے انٹری و ایگزٹ اسٹیمپس مشکوک/جعلی پائے گئے جبکہ ان کا آئی بی ایم ایس ریکارڈ بھی موجود نہ تھا، ایف آئی اے حکام کے مطابق مذکورہ مسافر نے اعتراف کیا کہ ملائیشیا میں مقیم ایجنٹ اسد نے 700 ملائیشین رنگٹ کے عوض جعلی امیگریشن اسٹیمپس لگوا کر ویزا کی تجدید میں سہولت فراہم کی، مسافر کو آف لوڈ کر کے مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔